31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:11
حکومت محمد ارشد کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے،سراج الحق
جیو نیوز - کراچی.........امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت محمد ارشد کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے،حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، شہر کراچی مسلسل دہشت گردی ، قتل وغارت گری ، ٹار گٹ کلنگ ، لوٹ مار ، اغوا اور ڈکیتیوں کی وارداتوں کا شکار ہے اور کراچی کے شہری تاحال بھتہ خوروں ، ڈاکوئوں اور دہشت گردوں کے نرغے میں ہے ہر طرف موت کے سائے منڈلارہے ہیں ۔گزشتہ شب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن اور ناظم علاقہ گلشن معمار محمد ارشد عرف عرشی کی نماز جنازہ پڑھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ایک اور گھر کا چراغ گل کردیا گیا اور ایک خاندان کا سہارا چھین لیا گیا لیکن حکومت اپنی ناکامی کو تسلیم نہیں کرتی ، مجرم قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، آج کسی کی جان مال عزت آبرو محفوظ نہیں ایک جانب تھر میں غربت اورقحط سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں جب کہ دوسری جانب کراچی میں معصوم شہری دہشت گردی اور بد امنی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمد ارشد کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور کراچی میں دہشت گردوں،مجرموں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ جنازے میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان ، امیر ضلع شرقی یونس بارائی ، امیر زون گڈاپ عرفان احمد اور جماعت اسلامی کے دیگر رہنمائوں،کارکنوں ،عزیز واقارب اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔دریں اثناء جماعت اسلامی ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف نے مطالبہ کیا ہے کہ محمد ارشد کے قاتلوں کو24گھنٹے کے اندر گرفتار کیا جائے۔نماز جنازہ کے بعد شرکا نے سپر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔