1 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:17
سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کو بد نام کیا جا رہا ہے،حنیف جالندھری
جیو نیوز - کراچی........پاکستان وفاق المدارس کے سیکریٹری جنرل مولانا حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کو بد نام کیا جا رہا ہے، مدارس کی رجسٹریشن پہ کوئی اعتراض نہیں لیکن این جی او کی رجسٹریشن اور محاسبے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور ایک المناک سانحہ ہے جس کی پُر زور مذمت کرتے ہیں،لیکن اس سانحے کی آڑ میں ملک میں مذہبی طبقے اور مدارس کے خلاف سازشیں شروع ہو چکی ہیں، وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں مدارس کا منفی انداز میں ذکر کیا جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی ایکشن پلان سے مدارس کا لفظ حذف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف صرف ایک فیصد مدارس پر تنقید کرتے تھے ، لیکن وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملک کے 10 فیصد مدرسوں کو خراب قرار دیا ہے، چودھری نثار ثبوت پیش کریں ، وفاق المدارس بھر پور تعاون کرے گا۔مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ مدارس کوئی نو گو ایریا نہیں، مدارس کے طلبہ اور اساتذہ خود دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں، تمام دہشت گردوں کو بلا امتیاز پھانسی دے دی جائے۔