2 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:20
لاہور میں 7سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا
جیو نیوز - لاہور.........لاہور میں نامعلوم افراد نے کمسن بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا۔ بچے کے والدین لاش دیکھ کر بے ہوش ہوگئے۔ لاہور کے علاقے بہار کالونی گرین ٹاؤن میں شیطان صفت ملزم نے 7سال کے ننھے پھول معین کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور لاش مسجد کی بالائی منزل کے ساتھ لٹکا دی۔ معین جمعرات کے روز گلی میں کھیلتے ہوئے غائب ہو گیا تھا۔ والدین تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، مساجد میں اعلانات کرائےلیکن کچھ پتہ نہ چلا۔جمعہ کو معین کے والد محنت کش یاسین نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ جیسے ہی وہ گھر پہنچا اس پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ پتہ چلا کہ اس کے بچے کی لاش قریبی مسجد کی بالائی منزل سے لٹک رہی ہے۔ معصوم بچے کی لاش دیکھ کر والدین پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سلوک ان کے بچے سے کیا گیا، مجرم کو بھی ویسے ہی قتل کیا جائے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نرسری کے طالبعلم معین کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ معین کی لاش گھر پہنچی تو والدین اور عزیزواقارب دھاڑے مار مار کر رونے لگے۔ معین 9 بہن بھائیوں میں چھٹے نمبر پر تھا۔ اس کی افسوسناک موت پر ہر آنکھ اشک بار ہے۔ پولیس نےبچے کی لاش طبی معائنے کے لئے اسپتال پہنچا دی۔