11 نومبر 2015
وقت اشاعت: 0:59
پشاور:سردی میں خیمہ زن 5 ماہ کا بچہ سردی کی تاب نہ لاسکا
جیو نیوز - پشاور......خیبرپختونخوا کےزلزلہ متاثرہ علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ۔سردی میں خیمہ زن متاثرین بیمار ہونے لگے ، شانگلہ میں 5ماہ کا بچہ خون جمادینے والی سردی کی تاب نہ لاکرانتقال کرگیا۔
زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بارش اور برف باری میں بھیگے ٹھنڈے خیمے ہی متاثرین کی پناہ گاہ ہیں ۔ منفی درجہ حرارت نے متاثرین کی مشکلات بڑھا دی ہیں ۔ بچے اور بڑےسانس اورسینے کے انفیکشن ،نزلہ ، زکام ، کھانسی اورجلدی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شانگلہ میں 5ماہ کا بچہ شدید سردی کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔
پاک فوج کا ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے تاہم صحت کی سہولیات سخت موسم کی وجہ سے ناکافی ثابت ہورہی ہیں،،شانگلہ کےڈی ایچ کیو اور تحصیل اسپتالوں میں بچوں کے اسپیشلسٹ بھی نہیں ہیں جبکہ صرف 2 لیڈی ڈاکٹرخواتین کےعلاج کے لیے دستیاب ہیں، ایسی صورتحال میں زلزلہ متاثرین کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جارہی ہے ۔