11 نومبر 2015
وقت اشاعت: 7:16
شیخوپورہ: بلدیاتی الیکشن کیلئے سرگرمیاں عروج پر
جیو نیوز - شیخوپورہ......شیخوپورہ میں 19 نومبر کو بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
بلدیاتی انتخابات کیلئے ضلع شیخوپورہ کے شہری علاقوں کو 10 میونسپل کمیٹیوں اور دیہی علاقوں کو 99 یو سیز میں تقسیم کیا ہے ۔
ضلع کونسل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے 429 امیدوارجبکہ جنرل کونسلر کے ایک ہزار 592 امیدوار میدان میں ہیں ۔ میونسپل کمیٹی کے وارڈز میں ایک ہزار 266 امیدوار زور آزمائی کرینگےجبکہ3 خواتین چیئرمین، ایک وائس چیئرمین، اور 6 جنرل کونسل کی نشست پر انتخاب لڑ رہی ہیں، 19 اقلیتی امیدوار بھی جنرل کونسلر کی نشست پر قسمت آزمائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مہم عروج پر ہے، ضلع بھر میں امیدواروں کے بینر، فلیکس اور پوسٹرز کی بھرمارہے جبکہ انتخابی دفاتر میں بھی گہما گہمی دیکھی جارہی ہے۔
ضلع بھر میں14 لاکھ 75 ہزار 171ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ ایک ہزار 523 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے 800 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دینے کے لیے درخواستیں بھجوائی گئی ہیں۔