تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 مئی 2016
وقت اشاعت: 9:36

دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے، آرمی چیف

جیو نیوز - خیبر ایجنسی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک پاک فوج علاقے میں موجود رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا ،فوجی دستوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ دن گزارا،آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وادی شوال میں جاری آپریشن میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔آرمی چیف نے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے سلیپنگ سیلز کے خاتمے کےلیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئےسخت موسم میں شوال آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کے جذبے کو سراہا۔

آرمی چیف نے دہشت گردوں کے زیر کنٹرول 650 کلو میٹر علاقہ کلیئر کرانے پر افسران اور جوانوں کی جرات و جذبے کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو علاقے میں بحالی کے منصوبوں پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے 52 فیصد ٹی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی ہو چکی ہے۔آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئی ڈی پی پیز کی بروقت اور با عزت واپسی یقینی بنائی جائے۔

آرمی چیف سے شمالی وزیرستان واپس آنےو الے ٹی ڈی پیز اور قبائلی عمائدین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں قبائلیوں کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج کی مدد سے دہشت گردوں کو علاقے میں واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے میرانشاہ میں یونس خان اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا، معروف کرکٹر یونس خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے میرانشاہ بازار کا دورہ بھی کیا، آپریشن ضرب عضب سے قبل میرانشاہ بازار دہشت گردوں کے مرکز کے طور پر استعمال ہوتا تھا ۔میرانشاہ بازار کو مکمل طور پر نئے سرے سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یونس خان کرکٹ کمپلیکس اور میرانشاہ بازار کی تعمیر پاک فوج کی انجینئرنگ کور کر رہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.