تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:39

اڑسٹھواں نہیں سرکاری طور پر منایا جانے والا 57واں یوم پاکستان

جیو نیوز - کراچی ....سلیم اللہ صدیقی....لاہور میں’ منظور قراردادپاکستان‘ کو گزرے مجموعی طور76برس ہو چکے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل اوردیگر پاکستانیوں میں ایک عام خیال یہ تصور کیا جارہا ہے کہ رواں برس سرکاری طور پر قوم68واں یو م پاکستان منارہی ہے۔یعنی ان کے خیال میں قیام پاکستان کے بعد23مارچ1948 کوپہلی مرتبہ آزاد وطن میں قوم نے یوم پاکستان کو سرکاری طور پر منایا ہوگا۔۔۔لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا بالکل نہیں ہے۔

تاریخ کے طالب علم اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں گے کہ آج سرکاری طور پر منایا جانے والا57واں یوم پاکستان ہے۔اگر ہم ملکی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو حقیقت یہ ہے 1948 سے 1955 تک یہ تاریخ سرکاری طور پرایک عام دن کے طورپر گزاری جاتی رہی تھی۔

23 مارچ کی اہمیت کا سرکاری طور پر آغاز
اس دن کی اہمیت کا سرکاری طور پر آغاز 23مارچ1956 بروز جمعہ پہلی مرتبہ ہوا۔ ملک میں گورنرجنرل اسکندر مرزا اور وزیراعظم چوہدری محمد علی تھے۔ان کے دور حکمرانی میں ملک کا پہلا آئین نافذ ہوا۔اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل اور جشن کا سماں تھا۔ اخبارات نے آج نئے آئین کے نفاذ کے حوالے سے خصوصی سپلیمنٹ شائع کئے تھے۔

اس روز دارلخلافہ کراچی میں نئے آئین کی رو سے گورنر جنرل اسکندر مرزا نے صدر ،وزیراعظم چوہدری محمد علی ،ان کی کابینہ ،سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے جج صاحبان نے ازسرنو حلف اٹھایا۔حلف برداری کے بعد21توپوں کی سلامی دی گئی ، گورنر جنرل نے آج بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی جبکہ پولو گراونڈ میں فوجی پریڈ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

آزادی کے 9سال بعد وطن عزیز میں آئین کے نفاذ کی خوشی میں حکومت نے اس دن کو آئندہ سے ہرسال اسی طرح ’یوم جمہوریہ‘ کے نام سے منانے کا فیصلہ کیا۔قوم نے اسی جوش و خروش کے ساتھ یوم جمہوریہ منانے کی ہیٹ ٹرک کی اور1958 تک اسی نام سے دن کو منایا جاتا رہا۔

23 مارچ1959 سرکاری طور پر ملک بھر میں منایا جانے والا پہلا یوم پاکستان
سات اکتوبر1958میں ملک بھر میں مارشل لا نافذ اور آئین معطل کردیا گیا۔دستور کی معطلی کے سبب یوم جمہوریہ بنانا ممکن نہیں تھا لہذا آرمی چیف صدر جنرل ایوب خان نے 1959 میں فیصلہ کیا کہ آنے والے 23مارچ کے دن کو سرکاری طور پرپورے جوش و خروش کے ساتھ قرارداد پاکستان کی یاد میں یوم پاکستان کے نام سے منایا جائے۔ اس طرح پاکستان کے معرض وجودمیں آنے کے نویں برس پہلی مرتبہ یوم پاکستان منایا گیا جس کے بعد سے یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

پیر 23مارچ 1959
آج کے دن ملک بھر میں پہلی مرتبہ سرکاری طور پر یوم پاکستان منایا جارہا تھا۔پاکستان بھرمیں عام تعطیل تھی۔ہر جگہ قوی پرچم لہرائے جارہے تھے۔دارلخلافہ کراچی میں یوم پاکستان کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔پولو گراؤنڈ میں فوجی پریڈ کا اہتمام تھا۔آج آرمی چیف صدر جنرل ایوب خان اور ان کی کابینہ کے وزرا نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ لاکھوں شہریوں نے بھی بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی۔

پہلی یوم پاکستا ن کے موقع پر صدر ایوب خان نے بابائے اردو ڈاکٹر عبدالحق اورمعروف کرکٹر حنیف محمد سمیت آرٹ، ادب، سائنس اور زراعت میں اہم خدمات دینے والی شخصیات کو صدارتی تمغہ اور نقد اانعامات سے نوازا۔

اس کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے پر90مختلف شخصیات کو نشان قائد اعظم ،ہلال پاکستان، ہلال امتیاز،ہلال قائداعظم ،ستارہ پاکستان،ستارہ قائداعظم ،تمغہ پاکستان،تمغہ قائد اعظم اور تمغہ شجاعت سے بھی نوازا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.