11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:17
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 22 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کردیا
جیو نیوز - کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان نے انتخابی منشورکااعلان کردیا، 22 نکاتی منشور میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جانا اور شرعی قوانین کا جامع نظام وضع کرنا شامل ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران جے یو آئی ف کے منشور کے اقتباسات پیش کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ اسلامی منشور ہے کہ جسے وہ پیش کرنے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق ریاست کا سرکاری مذہب اسلام ہوگا، ملک میں ٹیکس چوری کے خاتمے کیلئے جدید نظام وضع کیاجائے گا اور ٹیکس چوروں کا محاسبہ ان کے منشور میں شامل ہے، منشور میں تعلیم کیلئے کل بجٹ کا 15 اور صحت کیلئے 10 فیصد مختص کیا جائے گا۔ توانائی کے بحران کے حل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف 20 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دینی جماعتوں میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ایک دوسرے سے رابطے جاری ہیں تاہم متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا کوئی امکان نہیں۔