11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:34
ٹکٹوں کی تقسیم، ن لیگی کارکنوں کے انوکھے احتجاج، مرغا بن گئے
جیو نیوز - لاہور … مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹوں میں تاخیر کے باعث ن لیگ سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کرنے والے کارکنوں نے نت نئے طریقے اختیار کر لئے ہیں آج ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض کارکنوں نے مرغا بن کر پارٹی قیادت کو منانے کی کوشش کی۔ ماڈل ٹاوٴن لاہور 180 ایچ کے باہر گوجرانوالہ کے کارکن پہنچے اور انہوں نے سیکرٹریٹ کے باہر نعرے بازی کی اور اپنے پسندیدہ امیدوار ممتاز ہاشمی کو پی پی 96 سے ٹکٹ دینے کامطالبہ کیا اور سابق ایم پی اے شیخ ممتازہاشمی کے حق میں مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے سیکریٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس موقع پر ان کی پولیس کے ساتھ تلخ کلام بھی ہوئی، بات جب نہ بنی تو لیگی کارکنوں نے قیادت کو منانے کیلئے مرغے بن کر انوکھا احتجاج کیا ۔ لیگی کارکنوں کا کہنا تھاکہ پارٹی ان کی قربانیوں کا خیال رکھے اور دیرنیہ کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ دے۔ ادھر بہاولنگر سے ایم پی اے کی ٹکٹ کے امیدوار احسان باجوہ کو پارٹی سیکریٹریٹ میں داخل ہونے سے روکا گیا تو انہوں نے سخت مزاحمت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔