تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:45

ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کچلنے کی سازشیں ہو رہی ہیں،جنید فہمی

جیو نیوز - واشنگٹن ڈی سی… ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ، جوائنٹ سینٹرل آرگنائزرمحمد ارشد حسین سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے حیدراباد میں ایم کیو ایم کے امیدوار فخرالاسلام اور کراچی میں لٹریچر کمیٹی کے عہدیدار سید شیراز افسر کی شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردی کی ان سفاکانہ کاروائیوں کی شد ید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی نے کہا کہ انتخابات کے نزدیک آتے ہی ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور ایم کیو ایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے کالعدم تنظیموں اور دہشت گرد گروپوں کو فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ایم کیو ایم کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن جاری ہے جس کے ذریعے ایم کیو ایم کے انتخابی دفاتر کو بند کرایا جا رہا ہے، بیگناہ کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف دہشت گرد تنظیمیں ایم کیو ایم کے معصوم کارکنان کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کچلنے کی کوششیں کرنے والی قوتیں یہ اچھی طرح سمجھ لیں کہ وہ دراصل ایم کیو ایم کو نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنے کا گھناؤنا عمل کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی، خوف، دہشت اور غنڈہ گردی سے عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو نکالا نہیں جاسکتا اور عوام اپنے اتحاد سے ایم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔دریں اثنا ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی نے سید شیراز افسر کی شہادت پر ڈیٹرائٹ چیپٹر کے انچارج محمد نظام الدین سے دلی تعزیت کی ہے۔ شہید شیراز افسر ، محمد نظام الدین کے بھتیجے تھے۔ ایم کیو ایم امریکہ کے مرکزی ذمہ داران نے دعاء کی کہ اللہ تعالی نظام الدین سمیت شہید کے سوگواران کو صبر جمیل عطاء فرمائیں اور شہیدشیراز افسر اور شہید فخرالاسلام کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.