12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:45
مسجد میں دھماکے کی کوشش، الیکشن سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ، علامہ صادق
جیو نیوز - کراچی …شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ ، اہل سنت مسجد میں بم دھماکے کی کوشش، الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ،لبیک یا رسول اللہ اور لبیک یا حسین کی چاکنگ مٹانے کی پر زور مذمت کر تے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن علامہ صادق رضا تقوی نے سولجر بازار میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے الیکشن سیل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر علامہ دیدار جلبانی ، علامہ محمد حسین کریمی ، علامہ حیدر عباس ،علامہ محمد علی زیدی ، مولانا علی انور جعفری ، شاکر علی راؤ جانی ،مبشر حسن ، آصف صفوی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ علامہ صادق نے مزید کہا کہ الیکشن کے نزدیک شہر قائد میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ نیک شگون نہیں ہے ، اما م بارگاہ سفینہ اہل بیت ع کے پیش امام مولانا حاجی غضنفر علی کی ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مزمت کر تے ہیں ،نگراں حکومت شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔کراچی اور حیدر آباد کے حالات کو ایک منظم سازش کے تحت خراب کیا جارہا ہے تاکہ الیکشن میں تعطل کا بہانہ فراہم کیا جاسکے ۔ اہل سنت بریلوی مسجد گلزار حبیب کوٹائم بم سے نشانہ بنانے کی کوشش بھی اسی سازش کا حصہ ہے ۔جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین کسی بھی قسم کے نو گو ایریاز کو مسترد کر تی ہے ، اور ہم الیکشن کمیشن ، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کر تے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران اور انتخابی امیدواران کی جال و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے عملی اقدامات کریں ۔