13 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:30
ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلوں کی سماعت جاری
جیو نیوز - کراچی…کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد کیے جانے کے خلاف دائر درخواستوں پر ملک بھر میں بنائے گئے الیکشن ٹریبونلز میں سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سابق صوبائی وزیر کھیل عاقل شاہ کو انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی، انہوں نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی ، بدین میں ریٹرننگ افسر نے قرضوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کو پیر کے روز دوبارہ طلب کیا ہے ، جبکہ اسی معاملے پر فہمیدہ مرزا نے بدین کے ریٹرننگ افسر کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسرکو انہیں طلب کرنے کا اختیار نہیں ، سندھ میں آج بہتر مختلف درخواستوں کی سماعت ہونا ہے لاہور میں 13مختلف امیدواروں کی اپیل پر الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیے ہیں جبکہ پچانوے امیدواروں کی درخواستیں پیر تک ملتوی کردی گئی ،الیکشن کمیشن کے ایپلٹ ٹریبونلز کے پاس درخواستیں نمٹانے کے لیے آج کے بعد چار دن کاو قت ہے۔