13 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:31
انتخابات میں مخالفین کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے،آفاق احمد
جیو نیوز - کراچی…مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں مخالفین کے لیئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے،ان کے پارٹی امیدوار کراچی سے قومی اسمبلی کی 9 اور صوبائی اسمبلی کی 15نشستوں پرحصہ لیں گے۔مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب میں پارٹی کے انتخابی منشور اور قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ سے بھی ایک ،ایک نشست پر امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔ مہاجر قومی موومنٹ کراچی کو اسلحے سے پاک کرے گی اور تمام قومیتوں کو اسٹیک ہولڈر تسلیم کرتے ہوئے انہیں قیام امن اور شہر کی ترقی میں شامل کریگی۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ محصورین مشرقی پاکستان کی واپسی کو یقینی بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور میں یکساں تعلیمی نظام ،صحت عامہ کی سہولتوں سمیت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی شامل ہے۔