15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 3:21
کاغذات نامزدگی مسترد، مشرف اور راجا پرویز کی اپیلوں کی آج سماعت
جیو نیوز - اسلام آباد…امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت آج بھی جاری رہے گی۔ پرویز مشرف، راجا پرویز اشرف اور مولانا فضل الرحمان کی قسمت کا فیصلہ آج متوقع ہے۔ کراچی میں حلقہ این اے 250 پر کاغذات مسترد ہونے کے خلاف سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔ ٹریبونل نے ان کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور دیگر فریقوں کو آج کے لئے نوٹس جاری کررکھے ہیں۔ حلقہ این اے 27 لکی مروت پر مولانا فضل الرحمان کو بھی کاغذات کی منظوری کے خلاف اپیل پر آج طلب کیا گیا ہے۔این اے 51 گوجر خان سے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت بھی آج ہو گی۔ این اے 56 راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی کے کاغذات کی منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت بھی آج ہوگی۔ملک بھر میں ریٹرننگ افسروں کی جانب سے کاغذات مسترد یا منظور کیے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت 9 ٹریبونل کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ کے ججوں پر مشتمل یہ ٹریبونل اپیلوں پر17 اپریل تک فیصلے سنائیں گے۔ امیدوار 18 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 19 اپریل کو حتمی فہرست شائع کردی جائے گی اور پولنگ 11 مئی کو ہوگی۔