6 مئی 2011
وقت اشاعت: 17:35
اصلاحات کیلئے عرب ممالک میں عوامی احتجاج جاری
اے آر وائی - دمشق : سیاسی و سماجی اصلاحات کیلئے عرب ممالک میں عوامی احتجاج جاری ہے، شام اور یمن میں نماز جمع کے بعد جمہوریت پسندوں نے مظاہرے جبکہ عرب لیگ کے دفتر کے باہر عرب نوجوانوں نے احتجاج کیاہے۔شام کے شہر حمص میں مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حزب اختلاف کے رہنما ریاض سیف گرفتار کرلیا گیا ہے۔
شام کے دارالحکومت دمشق اور درعا شہر میں ہزاروں افراد نے صدر بشارالاسد کے استعفےکیلئے مظاہرہ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور فائرنگ کی۔ جس میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھر درعا کے قریب ایک قصبے کی گلیوں میں سیکڑوں خواتین اور بچوں کے مظاہرے جاری ہیں۔ درعا گزشتہ دس روز سے ملک کے دیگر شہروں اور دنیا سے کٹا ہواہے۔ اس سے پہلے شامی فوج کے دستوں نے ملک کے مختلف شہروں میں سیکورٹی سخت کردی۔ ادھر مصر میں عرب نوجوانوں نے عرب لیگ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ اور عرب ممالک میں جمہوریت کیلئے مظاہرہ کرنے والے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔