تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:58

رواں سال بھی گرم ترین ہوگا، بچاؤ کیلئے سب آگے آئیں، میندرو

جیو نیوز - کراچی....مدیحہ بتول....سندھ کے وزیر ماحولیات سکندر میندھرو نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال بھی گزشتہ سال کی طرح گرم ترین ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے ابھی سے الرٹ جاری کردیا ہے ۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرمی سے ہونے والے نقصانات سے بچنے کے لئے تمام اداروں اور محکموں کے علاوہ عوام کو بھی آگے آنا ہوگا، سب کو اپنے اپنے فرائض اور ذمے داریاں اداکرنا ہوں گی تبھی موسم گرما کی تباہ کاریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کی جانب سے جمعرات کو کراچی میں ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب میں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ’’ گزشہ سال صوبہ سندھ میں آنے والی شدید گرمی کی لہر سے ہزاروں جانوں کا نقصان ہوا لیکن اس سال اورآئندہ کبھی ایسا نہ ہو اس کے لئے ابھی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی ۔ آج ہونے والے سیمینار کا اصل مقصد بھی یہی تھا۔‘‘

سیمینار میں محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ،سول اورجناح ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پاکستان ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

وزیرماحولیات کا کہنا تھا کہ’’سیمینار کا مقصد ،شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا اور عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وقت آنے پر زیادہ سے زیادہ نقصانات سے بچا جا سکے۔‘‘

انہوں نے محکمۂ موسمیات کو خصوصی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کریں تاکہ عام عوام اپنے طور بھی اس سلسلے میں ضروری اقدامات کر سکیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ’ گرمی کی تباہی کے حوالے سے آگاہی صرف اس ہال تک محدود نہ رہے بلکہ دل و جان سے اس تباہی سے بچاؤ کے لیے سب اپنا اپنا کردار ادا کریں، یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی۔ ‘

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.