1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:37
امریکا کو پاکستان پر ڈرون حملے کا کوئی حق نہیں، رکن کانگریس
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکی رکن کانگریس رون پال نے کہا ہے کہ امریکا کو کسی ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا حق حاصل نہیں ہے، ہم پاکستان کو اپنا اتحادی بھی کہتے ہیں اور اس پر ڈرون حملے بھی کررہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن میں اسامہ کو ہلاک نہیں کرنا چاہئے تھا بلکہ خالد شیخ کی طرح گرفتار کرکے امریکا لایا جاتا۔ امریکا نے دنیا میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لئے اپنے آپ کو دیوالیہ کرلیا ہے۔ قومی سلامتی کے مفاد کا یہ مطلب نہیں کہ کسی ملک میں کھلم کھلا مداخلت کی جائے۔ ہمیں پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہئے۔
انہوں نے عراق اور لیبیا کے حوالے سے کہا کہ ہم وہاں تیل کے لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو اپنے مسائل خودحل کرنے کا موقع دینا چاہئے اور ہمیں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔