1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:41
امریکا اور افغان طالبان میں مذاکرات تیز، امریکی اخبار
اے آر وائی - واشنگٹن: امریکی اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا اور طالبان میں براہ راست مذاکرات تیز ہوگئے ہیں، امن کیلئے امریکا اور طالبان نے شرائط کی فہرست پیش کردی ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق طالبان رہنما ملاعمر کے قریبی ساتھیوں اور امریکا کے سینئر حکام میں قطر اور جرمنی میں مذاکرات کے تین دور ہوچکے ہیں۔
امریکی حکام کا کہناہے کہ ان مذاکرات میں اہم پش رفت ہوئی ہے۔ طالبان نے گوانتانامو بے سے بیس طالبان رہنماؤں کی رہائی سمیت اہم مطالبات کی فہرست امریکا کو پیش کردی ہے۔ جبکہ امریکا نے افغان آئین پر عمل اور خواتین کو حقوق دینے سے سمیت متعدد مطالبات کی فہرست طالبان کے حوالے کردی ہے۔
اخبار نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ طالبان سے مذاکرات میں حقانی نیٹ ورک کو شامل نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یورپی یونین بھی طالبان نے مذاکرات میں اہم معاونت کررہاہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں سے مدد کی جارہی ہے۔