1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:44
سی آئی اےملازمین کواسامہ آپریشن کےبارےمیں زبان بندی کاحکم
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر لیون پنیٹا نے ملازمین کو اسامہ آپریشن پر خاموش رہنے کا حکم دیا ہے۔
امریکی خبر ایجنسی کو حاصل ہونے والے سی آئی اے کے حکم نامے کے مطابق ڈائریکٹر لیون پنیٹا نے اپنے ادارے کے ملازمین سے کہاہے کہ وہ اسامہ آپریشن میں استعمال کی گئی ٹیکنالوجی اور طریقوں کے بارے میں کسی کو نہ بتائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ سی آئی اے کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسامہ آپریشن کی خفیہ معلومات منظر عام پر آنے سے ملازمین کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے کہ جب ایبٹ آباد آپریشن کے بارے میں آئے روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ گزشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ اسامہ آپریشن میں اسٹیلتھ ڈرونز سے مدد لی گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن کہہ چکے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ آگے کی جانب بڑھا جائے اور اسامہ آپریشن پرمزید باتیں نہ کی جائیں۔