1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:50
پاکستان کو اصل خطرہ شدت پسندی سے ہے، سینیٹر جان کیری
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکی سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیرمین سینٹر جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کو اصل خطرہ مشرقی سرحدوں یا مغربی ممالک سے نہیں بلکہ ملک کے اندر موجود شدت پسندی سے ہے۔
واشنگٹن میں سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر جان کیری نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت اور جنوبی افغانستان میں ملنے والے سیکورٹی استحکام سے امریکا کو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ افغان جنگ کے حوالے سے ایک حساس لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت کو اس بات پر آمادہ کرنے کے لیے مسلسل سفارتکاری کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کو اصل خطرہ ملک کے اندر موجود شدت پسندی سے ہے۔ سینیٹر کیری نے دعوی کیا کہ درمیانی اور نچلی سطح کے طالبان جنگجو میدان جنگ چھوڑنا چاہتے ہیں، امریکا کو افغان حکومت کے ساتھ ان عناصر کو ہتھیار ڈالنے ہر آمادہ کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔