1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:50
طرابلس: نیٹو طیاروں کی بمباری، شہر دھماکوں سے گونج اٹھا
اے آر وائی - طرابلس: نیٹو طیاروں نے لیبیا کے دارلحکومت طرابلس پر بمباری کی ہے۔ شہر رات گئے چھ زور دار دھماکوں سے لرز اٹھا۔ فرانس نے کہا ہے کہ نیٹو کی فضائی کارروائیوں کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
لیبیا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق منگل اور بدھ کے درمیانی رات نیٹو کے جنگی طیاروں نے طرابلس کو ایک مرتبہ پھر نشانہ بنایا۔ اس دوران دس منٹ کے اندر شہر چھ زور دار دھماکوں سے لرز اٹھا۔ اس سے قبل گذشتہ رات نیٹو طیاروں کی طرابلس پر فضائی کارروائی کے دوران انیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
دوسری جانب فرانس نے کہا ہے کہ لیبیا کے خلاف نیٹو کی فضائی کارروائیوں کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ لیبیا کے خلاف نیٹو کا مشن چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔