1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:54
پاکستان کو ہتھیاروں کی فروخت روک دیں گے ،فرانس
اے آر وائی - بنگلور : فرانس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو بھاری ہتھیاروں کی فروخت روک دے گا۔ اسامہ کی ہلاکت کے بعد پاکستان کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔
بھارتی شہر بنگلور میں میڈیا سے گفتگو میں فرانسیسی وزیر دفاع گیرارڈ لونگوئیٹ نے کہا ہے کہ فرانس پاکستان کو بھاری اسلحہ بالخصوص بحریہ کے استعمال کیلئے ہتھیار فروخت کرنے کی حوصلہ شکنی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے ہتھیار فروخت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیردفاع کے ساتھ ملاقات میں بھارت کے خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی دفاع نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان کو دہشت گردی خلاف جنگ میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فرانسیسی وزیردفاع کا بیان نئی دہلی اور پیرس کے درمیان گیارہ ارب ڈالر کے طیاروں کی فروخت کے معاہدے کے تناظر میں دیکھاجانا چاہیے۔ کیونکہ فرانس اسلحہ کی فروخت کیلئے بھارتی منڈی پر اثرو رسوخ بڑھانا چاہتا ہے۔