1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:55
اسامہ کی نشاندہی طالبان رہنما ملا برادر نے کی تھی
اے آر وائی - لندن : برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کی نشاندہی طالبان رہنما ملا برادر نے کی تھی۔ برطانوی اخبار نے امریکی خفیہ رپورٹس کے حوالے سے کہاہے کہ ملابرادر نے گزشتہ سال حراست کے دوران امریکہ سے ڈیل کی تھی۔ امریکہ نے اسامہ بن لادن کے بارے میں معلومات کے بدلے میں طالبان کے مضبوط گڑھ ہلمند سے فوج واپس بلانے کا وعدہ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ملابرادر طالبان کے بانیوں میں سے ہیں مگر ان کے القاعدہ سے زیادہ قریبی تعلقات نہیں۔ ملا برادر اور ان جیسے دیگر جاسوس سی آئی اے کو خفیہ معلومات فراہم کرتے رہے ہیں۔ اب تک یہ سمجھا جارہا تھا کہ اسامہ بن لادن کے پیغام رساں کی غلطی سے سی آئی اے اسامہ بن لادن تک پہنچی۔
ملا برادر کو پاکستانی اور امریکی ایجنسیوں نے مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی سے گرفتار کیا تھا ۔ اور تفتیش کے بعد اکتوبر دوہزار دس میں رہا کردیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ملا برادر طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات میں بھی شریک ہیں۔