2 جون 2012
وقت اشاعت: 19:58
القاعدہ کی جانب سے مغوی امریکی شہری کی ویڈیو جاری
اے آر وائی - القاعدہ نے لاہور سے اغواء کئے گئے امریکی شہری کی ویڈیو جاری کردی ہے۔ امریکی ٹھیکے دار وائن اسٹین کو گزشتہ برس تیرہ اگست کو ماڈل ٹاوٴن سے اغواء کیا گیا تھا۔ ویڈیو پیغام میں وائن اسٹین نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کے صدر براک اوباما اغواء کاروں کے مطالبات تسلیم کرلیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق وائن اسٹین کی عمر ستر برس ہے اوروہ دل، دمہ اور ہائی بلڈ پریشر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ وہ پانچ برس سے جے ای اوسٹن نامی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ یہ کمپنی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام کر رہی تھی۔
لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن سے وارن وائن اسٹین کو تیرہ اگست دو ہزار گیارہ کو اْن کے گھر سے رات کے آخری پہر اغواء کیا گیا۔ مغوی وارن وائن پانچ سال سے امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ کے تحت چلنے والی نجی کمپنی جے ای اوسٹن ایسو سی ایٹس کے کنٹری ہیڈ تھے۔ یہ کمپنی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام کر رہی تھی۔
وائن پندرہ اگست کو واپس امریکا جانے والے تھے کیونکہ ان کی کمپنی نے فاٹا میں اپنا پراجیکٹ مکمل کرلیا تھا۔ اْن کے اغواء کا مقدمہ القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری سمیت دس سے زائد ملزمان کیخلاف درج کیا گیا۔ یہ کیس لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ امریکی شہری کے اغواء کے الزام میں اس وقت دو ملزمان گرفتار ہیں۔