2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:7
بھارت میں زلزلہ کے جھٹکے،کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
اے آر وائی - بھارت کے کئی شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں لیکن فوری طور پرکسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ کی شدت پانچ اعشاریہ چار تھی اور اس کا مرکز آسام کے تیزپور ضلع میں تھا۔ زلزلہ شام تقریباً سوا چھ بجے محسوس کیا گیا۔ اس علاقے میں گزشتہ تقریباً دس روز سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں لیکن ماہرین کےمطابق یہ کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے کیونکہ یہ علاقہ ایک فالٹ لائن کے اوپر واقع ہے اور اسے زون پانچ میں شمار کیا جاتا ہے یعنی یہاں زلزلوں کا امکان کافی زیادہ رہتا ہے۔
مقامی ٹی وی چینلوں کے مطابق لوگ گھبراکر عمارتوں سے باہر آگئے ہیں اور اس خطرے کی وجہ سے سڑکوں پر ہی کھڑے ہیں کہ کہیں زیادہ شدید زلزلہ نہ آجائے۔ شمال مشرقی ریاست سکم میں ستمبر دو ہزار گیارہ میں طاقتور زلزلے سے سو سے زیادہ لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔