2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:8
انتخابات میں حصہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ،میر واعظ عمر فاروق
اے آر وائی - مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حریت پسند قیادت کو اپنی عوامی نمائندگی ثابت کرنے کیلئے نام نہاد انتخابات میں حصہ نہیں لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انتخابات مسئلہ کشمیر کے حل کا متبادل نہیں ہوسکتے۔
حریت چیئرمین نے کولگام میں عوامی رابطہ مہم کے دوران ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ جموں و کشمیر سے فوجی انخلاء ، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور مقبوضہ علاقے میں ریفرنڈم منعقد کرائے۔انھوں نے کہاکہ ان اقدامات سے خود بخود معلوم ہو جائے گا کس کو کشمیری عوام کی حقیقی نمائندگی حاصل ہے ۔ انھوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سات لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی اور انسانیت سوز کالے قوانین کے بل پر برسرا قتدار آنے والے بھارت نواز لیڈروں کو حریت کانفرنس کوکشمیریوں کی حمایت ثابت کرنے کا چیلنج دینے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ۔
انھوں نے واضح کیا کہ سیکورٹی حصار میں رہنے والے لیڈری یا نمائندگی کا دعویٰ نہیں کرسکتے اور حریت قیادت کو نمائندگی ثابت کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ انھوں نے کہاکہ حریت کانفرنس کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا حل ہے ۔