2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:23
فرانس اس سال افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلا لے گا، اولاند
اے آر وائی - فرانس کے صدر فرانسوا اولاندنے شکاگو کانفرنس کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فرانس افغانستان سے اس سال اپنی فوجیں واپس بلا لے گا،اور دنیا کے دیگر ممالک بھی افغانستان سے انخلا کا شیڈول دیں۔
اس سال کے آخر تک فرانس افغانستان سے اپنی فوجوں کا انخلا شروع کردے گا۔یہ بات فرانس کے نو منتخب صدر فرانسوا اولاند نے شکاگو کانفرنس کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہی۔اولاند کا کہنا تھا کہ نیٹو کے اتحادی فرانس کے موقف کو تسلیم اور فرانس کی پوزیشن کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ فرانس کی فوجوں کے مکمل انخلا کے بعد دو ہزار تیرہ میں افغانستان کے پولیس افسران کو ٹریننگ دینے کے لئے فرانس کے ٹرینر افغانستان میں موجود رہیں گے۔انہوں نے میڈیا کو یقین دلایا کہ چند ہفتوں میں وہ مرحلے وار فوجوں کے انخلا کا شیڈول جاری کر دیں گے۔
یاد رہے کہ اس سال فرانس کے تین ہزار چار سو فوجی افغانستان سے واپس ہوں گے جو نیٹو افواج کے انخلا سے دو سال قبل ہے جبکہ نیٹو اور امریکہ دو ہزار چودہ میں اپنی افواج واپس بلائیں گے ۔