17 اگست 2012
وقت اشاعت: 0:26
جنوبی افریقہ میں پولیس کی فائرنگ سے 18کان کن ہلاک
اے آر وائی - جنوبی افریقہ میں پولیس نےمظاہرہ کرنےو الےکان کنوں پر گولیاں برسادیں ۔جس کے باعث کم ازکم اٹھارہ مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جوہانسبرگ سے شمال مشرق میں سو کلومیٹردورماری کانا پلاٹینیم کان پرمزدوری کرنے والوں پر فائرنگ کی گئی۔ تین ہزار مزدورہڑتال پر تھے۔ اپنے مطالبات کےحق میں کان کنوں نے مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا تھا۔
پولیس کےمطابق کان کنوں سے تمام مذاکرات ناکام ہوچکے تھے اور طاقت کےزور پر انہیں منتشرکرنے کےسوا کوئی اور راستہ نہیں بچا تھا۔ کان کنوں پرفائرنگ اس وقت کی گئی جب پولیس اہلکارپلاٹینیم کی کان کے گردخار دار تارلگارہے تھے۔ اسی وقت بڑی تعداد میں لاٹھیاں اٹھائےمزدور جمع ہوگئےاور انہوں نے نعرے بازی شروع کی. مزدوروں کے آگے بڑھنے پر پولیس نے کان کنوں پر اندھادھند گولیاں برسادیں۔ جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
ماری کاناکی کان پر دو متحارب یونینز کےدرمیان خونی تصادم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوہفتے پہلے ایسے ہی تصادم میں دو پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد مارے گئےتھے۔