10 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 11:52
دمشق، الیپو میں کار بم دھماکہ، سترہ جاں بحق، چالیس زخمی
اے آر وائی - شام کے شمالی شہر الیپو میں ایک مقامی اسٹیڈیم کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں سترہ افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے باعث قریبی واقع اسکول کی عمارت بھی منہدم ہو گئی۔
شامی ٹی وی کے مطابق عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی افراد حالیہ خانہ جنگی کے باعث عمارت میں پناہ گزیں تھے۔
شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کیخلاف گزشتہ سترہ ماہ سے جاری خونریزی میں حالیہ مہینوں کے دوران شدت آتی جا رہی ہے، باغیوں کی جانب سے دارالحکومت دمشق اور شام کے معاشی حب الیپو میں قبضے کے لیے لڑائی میں تیزی آتی جارہی ہے۔
شام میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ کا کہنا ہے کہ گذشتہ سترہ ماہ سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں تیئس ہزار شہری جاں بحق جبکہ دو لاکھ سے زائد شہری پڑوسی ممالک ترکی، اردن اور عراق میں نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔