15 فروری 2014
وقت اشاعت: 19:27
فرانس :بیرسٹر سلطان محمود نے کشمیر کاز کو بہتر انداز میں بیان کیا،شاہد فاروق لنگڑیال
جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے مظالم کے خلاف فرانس میںآ واز بلند کرنے کیلئے آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹرچوہدری سلطان محمودکے دست راست زاہد ہاشمی نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بلایا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد سابق صدر محمداشرف گوندل کی قیادت میں، پاکستان مسلم لیگ کا وفد محمد اختر بٹ کی قیادت میں، پاکستان تحریک انصاف کا چوہدری خالد پرویزکی قیادت میں اور ادارہ منہاج القران کا وفد شامل ہوا۔ اجلاس سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود کی فرانس میں متوقع آمد کے موقع پر کشمیر یوں پر مظالم کیخلاف بھارتی سفارت خانے یا کسی اہم مقام پر احتجاج کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ شاہد فاروق لنگڑیال اور محمد یوسف خان نے کہا کہ ماضی میں بھی بیر سٹر چوہدری سلطان محمود فرانس کے دورے پر آتے رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کا کردار ہمیشہ مثبت اور موٴثر رہا۔ انہوں نے یہاں سینیٹ اور اسمبلی ارکان سے ملاقاتوں میں کشمیر کاز کو بہتر انداز میں بیان کیا۔ چوہدری خالد پرویز نے کہا کہ گزشتہ 60سال سے بر سرِ اقتدار حکومتوں نے صیح طریقے سے کشمیر کی آزادی کیلئے اقدام نہیں اٹھایا جس کے باعث اس مسئلے پر تین جنگیں ہوئیں، ایک دن احتجاج کرنے سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق نہیں مل سکے گا بلکہ ہرماہ باقاعدگی کے ساتھ آواز بلند کرنا ہوگی۔ محمد لطیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں لہٰذا سب کو اپنے بیوی بچوں سمیت احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنی چاہئے۔ محمد اشرف گوندل نے کہا کہ ہم اس سے قبل بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کرتے رہے ہیں، کمیونٹی کو متحد کرنا ہوگا اور بھر پور احتجاج کرنا ہوگا۔ ایم اے صغیر نے کہا کہ مظاہرے کی اجازت کیلئے ضروری ہے کہ جو شخص درخواست دے وہ کشمیری ہو۔ادارہ منہاج القرآن کے چوہدری محمداعظم نے ہر قسم کے جانی و مالی تعاون کا یقین دلایا۔ پی ٹی آئی کے میاں احسان، سماجی رہنما چوہدری ممتاز پکھوال اور چوہدری صفدر نے احتجاجی مظاہرے کی تائید کی اور تعاون کا یقین دلایا۔ ایک ویب سائٹ کے نمائدے خلیل احمد نے کہا کہ مظاہرہ بھرپور اور منظم ہونا چاہئے۔ اتفاق رائے سے طے ہوا کہ 23فروری کی دوپہر اجازت ملنے کی صورت میں مقررہ مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔