19 اپریل 2016
وقت اشاعت: 23:8
روسی صدر کا شاہ سلمان سے شام میں جنگ بندی پر تبادلہ خیال
جیو نیوز - ریاض......شاہد نعیم......روسی صدر ولادی میر پوٹن نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بدھ کے روز ٹیلی فون پر شام کی صورت حال پر بات چیت کی ہے
روسی صدر نے انہیں امریکا اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی سے متعلق طے پائے سمجھوتے کی تفصیل سے آگاہ کیا ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شاہ سلمان نے اس سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے اور روس کے ساتھ مل کر اس کو عملی جامہ پہنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس موقع پر دونوں لیڈروں نے اس سلسلے میں روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے منگل کے روز خبردار کیا تھا کہ اگر شام میں لڑائی جاری رہتی ہے اور اس کا جلد خاتمہ نہیں ہوتا تو پھر شام کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
شامی حکومت اور حزب اختلاف نے گذشتہ روز امریکا اور روس کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کے سمجھوتے کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم شامی حزب اختلاف کی اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی نے اسد حکومت اور روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ شہریوں پر فضائی حملے اور توپ خانے سے بمباری بند کردیں، قیدیوں کو رہا کریں اور باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کی ناکا بندی ختم کردیں۔شامی حزب اختلاف کے مطابق شامی فورسز اور اس کے اتحادیوں نے اس وقت شام میں 18علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے۔