تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
21 اپریل 2016
وقت اشاعت: 7:19

لیبیا : داعش کے ہاتھوں 11فوجیوں سمیت17 افراد قتل

جیو نیوز - طرابلس ..........لیبیا میں سخت گیر دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) سے وابستہ جنگجوؤں نے مغربی شہر صبراتہ میں حملہ کرکے سترہ افراد کو قتل کردیا۔

داعش کے جنگجوؤں نے سکیورٹی فورسز کی ایک عمارت میں گھس کر گیارہ اہلکاروں کے سرقلم کر دیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق صبراتہ کی میونسپل کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ مقامی بریگیڈز سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے شہر سے جنوب میں پندرہ کلومیٹر دور واقع داعش کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا تھا جس کے بعد ان کی داعش کے ساتھ لڑائی چھڑ گئی تھی۔

بیان کے مطابق داعش کے جنگجوؤں نے صبراتہ میں سکیورٹی خلاء سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دھاوا بولا تھا اور اس کے بعد وہ تمام شہر میں پھیل گئَے۔صبراتہ کے میئر حسین آل ثوادی نے بتایا کہ بریگیڈز کے چھ ارکان داعش کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے تھے۔

اس کے بعد انھوں نے رات سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی عمارت میں داخل ہوکر گیارہ ارکان کے سرقلم کردیے۔اس واقعے کے بعد دارالحکومت طرابلس سے تعلق رکھنے والی انسداد دہشت گردی فورس نے اطلاع دی ہے کہ اس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے داعش کے تین سینئر لیبیائی ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ان میں صبراتہ سے تعلق رکھنے والا داعش کا سینئر کمانڈر محمد سعد التجوری بھی شامل ہے۔مغربی شہر الزنتن سے تعلق رکھنے والے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ حکام نے صبراتہ بریگیڈ کے داعش سے لڑائی میں زخمی ہونے والے ارکان کے علاج سے اتفاق کیا ہے اور یہ اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ صبراتہ اور الزنتن سے تعلق رکھنے والی متحارب بریگیڈز اب داعش کے خلاف لڑائی میں ایک دوسرے سے تعاون کو تیار ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.