28 اپریل 2016
وقت اشاعت: 0:46
ایران میں بحرین کے سیاحوں کو لے جانے والی بس نذرآتش
جیو نیوز - تہران.........ایران میں شرپسندوں نے بحرین کے سیاحوں کو لے جانے والی بس پر حملہ کر کے اسے نذرآتش کر دیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں شرپسندوں نے بحرین کے سیاحوں کو لے جانے والی بس پر حملہ کیا اور اسے نذرآتش کر دیا ۔بحرین کی وزارت خارجہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں شرپسندوں نے بحرین کے سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس پر حملہ کر کے اسے نذرآتش کر دیا ہے۔
منامہ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ تہران میں سیاحوں کی بس کو نذرآتش کیے جانے کے بارے میں مزید تفصیلات جمع کر رہے ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس کارروائی میں سیاح محفوظ رہے ہیں یا نہیں۔سوشل میڈٰیا پر سامنے آنے والی ایک فوٹیج میں ایک بس کو نذرآتش کرتے دکھایا گیا ہے،جس کے بعد بحرین نے اس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تاہم ایران کی جانب سے اس حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔خیال رہے کہ بحرین نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے طورپر 4 جنوری کو ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منطقع کرتے ہوئے ایرانی سفارتی عملے کو منامہ سے نکال دیا تھا۔