30 اپریل 2016
وقت اشاعت: 18:46
پاکستان کو بھارت اور افغان تعلقات سے چڑ ہے، حامد کرزئی
جیو نیوز - کابل.......... افغانستان کے بھارت نواز سابق صدر حامد کرزئی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے جلال آباد میں بھارتی قونصل خانے پر حالیہ حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کو بھارت اور افغانستان کے درمیان تعلقات برداشت نہیں۔
بھارتی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں حامد کرزئی نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کے درمیان تعلقات سے کسی کو چڑ ہے اسی لئے وہ بھارتی قونصل خانوں یا افغانستان پر حملے کرتے ہیں اور جلال آباد میں بھارتی قونصل خانے پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سے ہونے والی دہشت گردی کی واحد وجہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مسائل کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شدت پسند تنظیموں کی پناہ گاہیں اور تربیتی کیمپ پاکستان میں موجود ہیں اور شدت پسند سرحد پار سے آکر افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔