تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
12 اگست 2012
وقت اشاعت: 2:35

ایران میں زلزلے،جاں بحق افراد کی تعداد180 ہوگئی

جیو نیوز - تبریز…ایران کے شمال مغرب میں تبریز شہر کے نزدیک زلزلے کے دو شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عمارتوں اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 180تک پہنچ گئی ہے جبکہ تیرہ سو سے زائد زخمی ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 6.4اور اس کے گیارہ منٹ بعد آنے والے زلزلے کی شدت6.3 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بجلی اورمواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا اورسڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 60 سے زائد گاوٴں متاثر ہوئے ہیں، تباہ ہونیوالے علاقوں میں70کے قریب امدادی ٹیمیں موجود ہیں۔ ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا کام رات میں بھی جاری ہے تاہم بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایرانی حکام نے بتایا کہ زلزلے سے شہری علاقوں میں نقصان نہیں ہوا،تمام اموات دیہی علاقوں میں ہوئی ہیں، حکام نے خدشہ ظاہر کیاکہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایرانی صدر محمود احمد نژاد نے زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔ ایران میں زلزلوں سے تباہی اور اموات پر صدر آصف علی زرداری،وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں نے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔پاکستانی حکومت نے ایران کو مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.