13 اگست 2012
وقت اشاعت: 9:1
صدارتی اقدام عوام کی بہتری کیلئے ہے، مصری صدر
جیو نیوز - قاہرہ… مصر کے صدر محمد مرسی نے آرمی چیف حسین طنطاوی سمیت کئی جرنیلوں کو ریٹائر کردیا ہے۔ صدر مرسی کا کہنا ہے کہ ان کا یہ اقدام کسی فرد یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ مصر کی بہتری کے لیے ہے ۔ مصرکے صدر محمد مرسی نے فوج کی سپریم کونسل کے سربراہ فیلڈ مارشل حسین طنطاوی کو جبری ریٹائر کرتے ہوئے انھیں وزیر دفاع کے عہدے سے بھی برطرف کردیا ہے۔ محمد مرسی نے جون میں فوج کی جانب سے صدارتی اختیارات محدود کرنے کا فرمان بھی منسوخ کردیا ہے۔ صدر مرسی نے فیلڈ مارشل طنطاوی کے ساتھ ساتھ فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل سمیع عنان اور دیگر کئی جرنیلوں کو بھی برطرف کیا ہے۔ فیلڈ مارشل حسین طنطاوی کی جگہ جنرل عبدالفتاح السیسی کو ملک کا نیا فوجی سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ مصری فوج کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ صدر مرسی نے فیصلہ فیلڈ مارشل طنطاوی اور فوج کی سپریم کونسل سے مشاورت کے بعد کیا۔ مصری عوام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرسی کا کہنا تھا کہ ان کے اس فیصلے کے بعد فوج کو اپنے حقیقی کردار یعنی ملکی دفاع کی جانب توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی۔ قاہرہ کے التحریر اسکوائر پر ہزاروں افراد نے صدر مرسی کے اس اقدام کے حق میں مظاہرہ کیا۔