28 اگست 2012
وقت اشاعت: 6:54
سمندری طوفان آئزک کی ریاست لوئیزیانا کی جانب پیشقدمی
جیو نیوز - میامی… سمندری طوفان آئزک امریکی ریاست فلوریڈا کے قریب سے گزرتا ہوا ریاست لوئیزیانا کی جانب بڑھ رہا ہے ،چار ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظر فلوریڈا، لوئیزیانا، مسی سپی اور الاباما میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ امریکا کے نیشنل ہری کین سینٹر کے مطابق طوفان ممکنہ طور پرکل لوئیزیانا کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان سے لوئیزیانا کے شہر نیو آرلینز کو بھی خطرات لاحق ہیں جہاں سات سال قبل 29اگست کو کترینا نامی طوفان نے شدید تباہی مچائی تھی۔ نیوآرلینز سمیت ریاست کے مختلف شہروں میں عوام نے کھانے پینے کی اشیا کا ذخیرہ شروع کردیا ہے اور گاڑیوں میں ایندھن بھی بھروالیا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جارہا ہے۔ امریکی صدر اوباما نے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کو لوئیزیانا میں حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد فوج اور امدادی ٹیمیں لوئیزیانا پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ طوفان آئزک کے باعث شدید بارشوں اور آندھی کے خطرات کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں کئی آئل ریفائنریاں بند کردی گئی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق آئزک کیٹیگری 2 کا طوفان ہے جس کے باعث 90میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔