8 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 6:59
حقانی نیٹ ورک پر دباوٴ کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرتے رہینگے، امریکا
جیو نیوز - واشنگٹن … امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ حقانی نیٹ ورک پر مزید دباوٴ ڈالنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان پیٹرک وینٹرل نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے غیر مروجہ طریقہ کار اختیار کیا گیا، عموماً کسی گروپ کو دہشت گرد قرار دینے سے پہلے اس پر پابندیاں عائد کرکے اس کا اعلان کیا جاتا ہے۔ حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد اب یہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، امریکا کا مقصد حقانی نیٹ ورک کے مالی ذرائع ختم کرنا ہے اور امریکی محکمہ خارجہ ایسی تدابیر اختیار کرے گا کہ کوئی بھی حقانی نیٹ ورک کو کسی طرح کی بھی مدد نہ دے سکے۔ پیٹرک وینٹرل کا کہنا تھا کہ امریکا نے حقانی نیٹ ورک کامعاملہ پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھایا تھا، پاکستان نے بھی اس معاملے پر گزشتہ روز اپنے موٴقف کا اظہار کیا ہے، کسی ریاست کا دہشت گردی کی سرپرستی کرنا اور کسی ایک گروپ کو دہشت گرد قرار دیا جانا بالکل مختلف چیزیں ہیں، کئی ایسے ملک ہیں جہاں دہشت گرد نیٹ ورک پائے جاتے ہیں لیکن وہ دہشت گردی کی سرپرستی نہیں کرتے۔ ترجمان کے مطابق امریکا کو دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے بارے میں بھی تشویش ہے اور وہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف مزید کارروائی کیلئے پاکستان پر دباوٴ ڈالتے رہیں گے۔