9 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 4:47
مصری فوج کا سینا میں آپریشن، 31 سرنگیں تباہ، 32 افراد ہلاک
جیو نیوز - قاہرہ … مصری فوج نے سینا میں سرچ آپریشن کے دوران 31 سرنگوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کارروائی میں 32 افرا د ہلاک اور 58 کو گرفتار کیا گیا جبکہ 20 کو رہا کردیا گیا۔ مصر کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جزیرہ نْما سینا میں مجموعی طور پر 225 سرنگیں موجود ہیں، جنہیں منہدم کرنے کا عمل جاری ہے، سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان مصری افواج کا کہنا ہے کہ سینا آپریشن میں 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 58 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے 38 تاحال زیر حراست ہیں، جبکہ 20 کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان مصری مسلح افواج نے بتایا کہ سینا آپریشن کے دوران فوج اپنے آئینی دائرہ کار میں رہی ہے اور اسرائیل کے ساتھ طے کیمپ ڈیوڈ امن معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ سینا آپریشن میں امریکا نے بھی تکنیکی معاونت فراہم کی تھی تاہم یہ آپریشن مکمل طور پر مصری فوج کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔