16 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:5
ٹوکیو:پی آئی اے کا میت بلامعاوضہ لے جانے سے انکار ،لواحقین کا احتجاج
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…پی آئی اے نے جاپان میں گزشتہ روز انتقال کرجانے والے سینئر پاکستانی ملک ایوب خان کی میت کو بلامعاوضہ پاکستان لے جانے سے انکار کردیا، اس پر ٹوکیو کے نریتا ایئر پورٹ پر مرحوم کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا ۔میت کو پاکستان بھجوانے کے نگراں اور منہاج القران جاپان کے صدر انعام الحق نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میت کو پاکستان بھجوانے کے لئے ہفتے کے روز ہی تمام کاغذی کاروائی سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے مکمل کر لی گئی تھی جس میں پی آئی اے جاپان کے کنٹری منیجر جواد خان سے بھی مکمل رابطہ رہا، جس میں انہوں نے کسی بھی وقت معاوضے کا تقاضہ نہیں کیا۔انعام الحق کے مطابق پی آئی آئے حکا م کو بتادیا گیا تھا کہ مرحوم پاکستانی نژاد جاپانی شہری ہیں، ان کے پاس پاکستان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی موجود ہیں تاہم پاسپورٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے، تاہم پیر کے روز جس وقت لواحقین کے ساتھ میت کو ایئر پورٹ لیکر پہنچے تو اس وقت پی آئی آئے حکام نے میت کو جہاز میں منتقل کرنے سے قبل رقم کا مطالبہ کردیا، جبکہ حکام کو بتادیا گیا کہ مرحوم کے اہل خانہ فوری طور پر رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں،لہٰذاکمیونٹی نے فوری طور پر رقم جمع کرکے پی آئی آئے کو ادا کی جس کے بعد میت کو جہاز میں منتقل کرنے کی اجازت دی گئی۔ اس حوالے سے پی آئی آئے جاپان کے کنٹر ی منیجر جواد خان نے موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ میت کو پاکستان بھجوانے کے لئے میت کا پاکستانی پاسپورٹ یا پاکستان اوریجن کارڈ کا ہونا لازمی ہے، مرحوم کا جوپاسپورٹ پیش کیا گیا اس کی میعاد ختم ہوچکی تھی جبکہ پاکستان اوریجن کارڈ بھی موجود نہیں تھا، لواحقین سے لیا گیا معاوضہ پی آئی آئے کوبحیثیت ادارہ گیا ہے جو قانون کے مطابق ہے۔