18 جون 2011
وقت اشاعت: 10:2
زم زمہ گیس فیلڈ میں فنی خرابی ،سپلائی معطل
اے آر وائی - لاہور : زم زمہ گیس فیلڈ میں فنی خرابی کے باعث پیپکو کے چھ پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند ہوگئی۔ گیس سپلائی معطل ہونے سے بجلی کی پیداوار میں چودہ سو میگاواٹ کمی کا سامنا ہے جس سے لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق زم زم گیس فیلڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث سوئی نادرن گیس کمپنی نے پیپکو کے چھہ پاور ہاؤسز کو گیس کی فراہمی معطل کردی ہے ۔ ڈی جی پیپکو کا کہنا ہے کہ اس وقت چار ہزار میگا واٹ کی کمی کا سامناہے اور چھہ آئی پی پیز بند ہونے کے باعث مزید چودہ سو میگا واٹ کمی کا سامنا ہوگا ۔
بجلی کی پیداوار میں کمی ساڑھے پانچ ہزار سے تجاوز کرجائے گی جس کے بعد لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک جا پہنچے گا۔ پیپکو ذرائع کے مطابق سوئی نادرن گیس کمپنی کو اس بارے میں خط لکھ دیا گیا ہے ۔