تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
20 اپریل 2015
وقت اشاعت: 1:15

پاک چین منصوبہ مستقبل کی بنیاد رکھے گا، احسن اقبال

جیو نیوز - اسلام آباد.........وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے پاکستان کے مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ چینی صدر کا دورہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا، توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا اور 2018تک پاکستان ایشیاء کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ پوری قوم چینی صدر کے لئے چشم براہ ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے اندر سیاسی جماعتوں کے آپس میں لاکھ اختلاف ہوں، مگر لازوال پاک چین دوستی پر پورا قوم متحد ہے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چین پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں 35سے 37ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس سے 16ہزار 400میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، 2018تک 10ہزار 400میگاواٹ کے منصوبے مکمل کیئے جائیں گے۔ اقتصادی راہداری پراجیکٹ کے ذریعے انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں 11ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبہ تھر کو توانائی کا مرکز بنا دے گا، تھر میں کوئلے سے چلنے والے منصوبے 6600میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ چینی صدر اپنے دورے کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت لگنے والے پانچ منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.