25 اپریل 2015
وقت اشاعت: 18:59
کم از کم ای او بی آئی پنشن 5250 روپے کر دی گئی ، وزیر خزانہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کا ماہانہ معاوضہ 46 فیصد بڑھایا جا رہا ہے، کم از کم ای او بی آئی پنشن 3600 روپے سے بڑھا کر 5250 روپے کر دی گئی ہے، فیصلے سے 3 لاکھ 37 ہزار افراد اور ان کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا، پنشن میں اضافے سے 6 ارب 67 کروڑ روپے اضافی دینے پڑیں گے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ای او بی آئی کے اثاثے صوبوں کی ملکیت ہیں اور پنشنرز بھی ان کی ذمے داری ہیں،بجٹ کا انتظار کیے بغیر فیصلے کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی میٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، ایشیائی ترقیاتی بینک سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہو گی، ملک کے اندر سوالیہ نشانات نہیں ہونے چاہئیں۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر بعض ممالک کو تشویش ہے، آئی ایم ایف کے ہیڈ آف مشن بعد میں پاکستان کا دورہ بھی کریںگے، آئی ایم ایف ریویو کی تاریخیں طے ہو چکی ہیں، 10 مئی کو دبئی میں میٹنگ ہو گی۔