2 فروری 2013
وقت اشاعت: 9:37
کراچی : ایک شخص کی لاش برآمد، مختلف علاقوں میں کشیدگی
اے آر وائی - کراچی میں آج بھی دن کے آغاز پر ایک شخص کی بوری بند لاش ملی، کئی علاقوں میں کشیدگی برقرار، ملیر بار کے صدرپر حملے میں ملوث ہونے والا مبینہ ٹارگٹ کلر شرافی گوٹھ تھانے سے فرار ہوگیا۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی میں آج صبح ایک بوری بند لاش ملی ہے۔ کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے احتجاج کیا۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بھی بلاک کیا۔ بعد میں مظاہرین منتشر ہوگئے۔
گزشتہ روز پولیس کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے دو مبینہ ٹارگٹ کلرزمیں سے ایک آج صبح شرافی گوٹھ تھانے سے فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والا ملزم ملیر بار کے صدر پرہونے والے حملے میں ملوث تھا۔
کراچی کے شہری بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہیں۔ دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار کی وارداتوں اور امن امان قائم کرنے میں حکومت کی ناکامی نے کراچی کے شہریوں کو عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا کررکھا ہے۔
کراچی میں امن امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اندرون سندھ سے پولیس کے دستے کراچی پہنچ چکے ہیں پر ابھی تک اہلکاروں کو تعینات نہیں کیا گیا۔