4 فروری 2013
وقت اشاعت: 7:47
کراچی:ہاکس بے روڈ پر دھماکا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
اے آر وائی - کراچی کے علاقے ماڑی پور ہاکس بے روڈ پر دہشت گردی کی کوشش ناکام پولیس پارٹی کو نشانہ بنانے کیلئے سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس دھماکے کو گزشتہ روز ماڑی پور میں پولیس کی کامیاب کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا رد عمل قرار دے رہی ہے ۔ متعلقہ پولیس کے واقعہ کے مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا ہے۔ملیر رفاہ عام سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لانڈھی شیر پاؤ کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دوران گشت پولیس نے ایک شخص کو روکنے کی کوشش کی جس نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ملزم ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالا ملزم اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
شرافی گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مفرور ٹارگٹ کلنگ زرنواز کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا۔ ملزم نے چند روز قبل ملیر بار کے سابق صدر امان اللہ یوسفزئی پر حملے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم دوروز قبل ملزم انویسٹی گیشن پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کرلیا ہے۔