4 فروری 2013
وقت اشاعت: 11:37
سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کی صبح تک ملتوی
اے آر وائی - اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کیلئے فاتحہ خوانی کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ایم کیوایم کے رکن اسمبلی منظر امام کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد بدھ تک ملتوی ہوگیا۔
اجلاس پونے دو گھنتے تاخیر سے قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔ نوشہرو فیروز سے پیپلزپارٹی کے نومنتخب رکن سرفراز شاہ نے حلف اٹھایا۔ وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔ اسمبلی کی روایت ہے کہ رکن اسمبلی کے انتقال پر اجلاس ملتوی کردیا جاتا ہے۔ لہذا اجلاس فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کردیا جائے۔ایم کیو ایم کی بلقیس مختار اور مسلم لیگ فنکشنل کے عبدالستارنے کہا کہ فاتحہ خوانی سے مسائل حل نہیں ہوں گے،ارکان اسمبلی اور حکومت کو اقدامات کرنا ہوں گے۔
ایم کیو ایم کے رکن علیم الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی منظر امام کو حق پرستی کے جرم میں شہید کیا گیا۔ منظر امام، سابق وزیر اعلٰی جام یوسف، بشیر بلور اور دیگر کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس بدھ کی صبح تک ملتوی ہوگیا۔