4 فروری 2013
وقت اشاعت: 15:39
تاجر برادری پاکستان مسلم لیگ کا قیمتی اثاثہ ہے،پرویزالٰہی
اے آر وائی - پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستان مسلم لیگ کا قیمتی اثاثہ ہے، تاجر بھائی ہمارے بازو ہیں اور وہ آئندہ الیکشن میں بھی ہماری کامیابی کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔
گجرات میں مرکزی انجمن تاجران کی سلور جوبلی اور انجمن تاجران مسلم بازار کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہاکہ تاجر برادری ملک میں امن و امان کی خواہشمند اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ تاجر برادری کو بڑی اہمیت دی ہے اور اس نے بھی ہر مشکل گھڑی میں کندھے سے کندھا ملا کر ہمارا ساتھ دیا، ہمیں اپنے ان بھائیوں پر فخر ہے اور ہم مستقبل میں بھی اہم فیصلوں میں ان سے مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم تاجر برادری کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ نے ان کے مسائل کو ہمیشہ اہمیت دی ہے مگر بدقسمتی سے پنجاب حکومت کی بددیانتی کے باعث ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہم سے چھین لی گئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تاجر برادری اسی طرح ہمارا ساتھ دے گی اور ہم مخالفوں کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ہم انتخابی نتائج تبدیل نہیں کرنے دیں گے۔