10 مئی 2011
وقت اشاعت: 18:18
سندھ اسمبلی: ہوٹلوں میں شیشہ پینے پرپابندی کی قرارداد منظور
اے آر وائی - کراچی : سندھ اسمبلی نے ہوٹل ریستوران اور عام کھلی جگہوں پر شیشہ پینے پر پابندی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں پیپلزپارٹی کے رکن بچل شاہ نے شیشہ پر پابندی کی قرارداد پیش کی۔ ارکان نے قرارداد پر بحث کی۔ ارکان کا کہنا تھا سگریٹ اور شیشہ انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔ سگریٹ نوشی کے حوالے سے قانون موجود ہے، بس عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ مختلف ہوٹلز اور ریستوران میں کم عمر بچوں کو شیشہ دیا جاتا ہے، اس پر پابندی لگائی جائے۔
وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار نے کہا قانون میں ترمیم کریں اور اختیرات مل جائیں تو ایک ماہ میں شیشہ ختم کر کے دکھائیں گے۔ اس دوران پیپلزپارٹی کے دو ارکان کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مذہبی اسکالرز کے مطابق جس چیز سے موت واقع ہو وہ حرام ہے، جواب میں وزیربجلی شازیہ مری نے کہا کہ سگریٹ سے موت واقع ہوتی ہے، کیا شرجیل میمن سگریٹ نوشی ترک کرنے کا اعلان کرتے ہیں جس پر شرجیل میمن خاموش رہے ۔
اجلاس میں ٹارگٹ کلنگ پر اپوزیشن کی خاتون رکن ماروی راشدی کی تحریک التواء پر بحث ہونا تھی۔ وزیر قانون کی جانب سے معاملہ عدالت میں ہونے کے شواہد پیش کئے گئے۔ اور ماروی راشدی نے تحریک واپس لے لی۔ ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے پر اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح تک کیلئے ملتوی کردیا۔