1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:40
سندھ اسمبلی: لاہور ہائی کورٹ کےفیصلے کیخلاف قرارداد منظور
اے آر وائی - کراچی: سندھ اسمبلی میں صدر کے دوعہدوں کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے بارہ مئی کے فیصلے کیخلاف قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔
قرارداد سے قبل متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ق کے ارکان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی کی اس قرارداد کا ساتھ دیا۔ قرارداد پیپلزپارٹی کے رکن ندیم بھٹو نے پیش کی جس کی ایوان میں موجود تمام ارکان نے حمایت کی جب قرارداد منظور ہوئی تو پیپلزپارٹی کے وزرا، اراکین اسمبلی نے کھڑے ہوکر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا اور ڈیسک بجائی۔
اس دوران بعض ارکان نے جئے بھٹو اور زندہ ہے بی بی زندہ ہے کہ نعرے بھی لگائے۔ قرارداد کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔