1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:53
لاہور:عدالت کے احاطے میں فائرنگ، دو بھائی جاں بحق
اے آر وائی - لاہور: سیشن کورٹ لاہور کے احاطے میں فائرنگ سے دو بھائی ہلاک ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مجاہد مستقیم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ناقص سیکیورٹی اور تاخیر سے پہنچنے والے تفتیشی افسران سمیت ذمہ داران کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کردئیے۔
مخالف پارٹی کے تین افراد کو قتل کرنے والے دو سگے بھائی ذیشان اور علی عمران بٹ ضمانت کےلیے ایڈیشنل سیشن جج حاجی احمد کی عدالت میں پیش ہوئے تو مدعی پارٹی کی جانب سے پانچ نامعلوم افراد نے عدالت میں داخل ہوکر دونوں بھائیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ذیشان موقع پر ہلاک جبکہ علی عمران بٹ کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں وہ بھی زخمون کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اس واقعہ کے فوری بعد سیشن جج مجاہد مستقیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے پولیس افسران کو حکم دیا کہ ناقص سیکیورٹی اور تاخیر سے پہنچنے والے تفتیشی سمیت ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اس افسوس ناک واقعہ کی وکلاء نے بھی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس افسران کا کہنا ہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایک اعلی سطحی کمیٹی نے اس تمام واقعہ کی تحقیات کا آغازکردیا ہے اور بہت جلد ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔